سورة الزخرف - آیت 12

وَالَّذِي خَلَقَ الْأَزْوَاجَ كُلَّهَا وَجَعَلَ لَكُم مِّنَ الْفُلْكِ وَالْأَنْعَامِ مَا تَرْكَبُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اللہ ہی ہے جس نے یہ تمام جوڑے پیدا کیے اور جس نے تمہارے لیے کشتیوں اور جانوروں کو سواری بنایا

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ وَالَّذِي خَلَقَ الْأَزْوَاجَ كُلَّهَا ﴾ ” اور وہ ذات جس نے تمام چیزوں کے جوڑے پیدا کئے۔“ یعنی وہ تمام اصناف جو زمین سے اگتی ہیں، خود ان کی ذات میں سے اور ان تمام اشیاء میں سے جن کا انہیں علم نہیں، مثلاً: رات دن، گرمی سردی اور مذکر مؤنث وغیرہ میں سے۔ ﴿ وَجَعَلَ لَكُم مِّنَ الْفُلْكِ ﴾ ” اور تمہارے لئے کشتیاں بنائیں۔“ یعنی تمام بادبانی اور دخانی کشتیاں جن پر تم سوار ہوتے ہو ﴿ وَالْأَنْعَامِ مَا تَرْكَبُونَ لِتَسْتَوُوا عَلَىٰ ظُهُورِهِ ﴾ ” اور چوپائے بھی جن پر تم سوار ہوتے ہوتا کہ تم ان کی پیٹھ پر چڑھ بیٹھو۔“ اور یہ آیت کشتیوں کی پشت اور مویشیوں کی پیٹھ کو شامل ہے، یعنی تاکہ تم ان سواریوں کی پیٹھ پر استقرار پکڑو۔