سورة ص - آیت 3

كَمْ أَهْلَكْنَا مِن قَبْلِهِم مِّن قَرْنٍ فَنَادَوا وَّلَاتَ حِينَ مَنَاصٍ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

ان سے پہلے ہم ایسی کتنی ہی قوموں کو ہلاک کرچکے ہیں۔ وہ چیخ اٹھے تھے مگر وہ وقت نجات پانے والا نہ تھا

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

اللہ تعالیٰ نے ان کو گزشتہ قوموں کے مانند ہلاک کرنے کی وعید سنائی ہے جنہوں نے رسولوں کی تکذیب کی تھی، جب ان کی ہلاکت کا وقت آپہنچا تو چیخ و پکار کرنے اور عذاب کو ٹالنے کی التجائیں کرنے لگے، لیکن ﴿لَاتَ حِينَ مَنَاصٍ﴾ ” وہ رہائی کا وقت نہیں تھا۔“ یعنی یہ وقت اس عذاب سے گلو خلاصی اور اس کو دور کرنے کا وقت نہیں تھا۔ پس ان لوگوں کو اپنے تکبر اور ضد پر جمے رہنے سے بچنا چاہئے، ورنہ ان پر بھی وہی عذاب نازل ہوگا جو گزشتہ قوموں پر نازل ہوا تھا۔