سورة النور - آیت 17

يَعِظُكُمُ اللَّهُ أَن تَعُودُوا لِمِثْلِهِ أَبَدًا إِن كُنتُم مُّؤْمِنِينَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اللہ تمہیں نصیحت کرتا ہے کہ اگر تم مومن ہو تو آئندہ کبھی ایسی حرکت نہ کرنا۔ (١٧)

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ يَعِظُكُمُ اللّٰـهُ أَن تَعُودُوا لِمِثْلِهِ ﴾ یعنی اللہ تعالیٰ تمہیں نصیحت کرتا ( روکتا) ہے کہ تم اہل ایمان پر بدکاری کے بہتان جیسے گناہ کا اعادہ کرو۔ اللہ تعالیٰ تمہیں نصیحت کرتا ہے اور اس بارے میں تمہاری خیر خواہی کرتا ہے۔ ہمارے رب کے مواعظ اور نصائح کتنے اچھے ہیں۔ ہم پر فرض ہے کہ ہم انہیں قبول کریں ان کے سامنے سر تسلیم خم کریں، ان کی پیروی کریں اور اس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں کہ اللہ تعالیٰ نے ان کو ہمارے سامنے واضح کیا۔ ﴿ إِنَّ اللّٰـهَ نِعِمَّا يَعِظُكُم بِهِ ﴾ (النساء: 4؍58)” اللہ تمہیں اچھی نصیحت کرتا ہے۔“ ﴿ إِن كُنتُم مُّؤْمِنِينَ﴾ ” اگر تم مومن ہو۔“ آیت کریمہ دلالت کرتی ہے کہ ایمان صادق، صاحب ایمان کو محرمات کے ارتکاب سے روکتا ہے۔