سورة طه - آیت 81

كُلُوا مِن طَيِّبَاتِ مَا رَزَقْنَاكُمْ وَلَا تَطْغَوْا فِيهِ فَيَحِلَّ عَلَيْكُمْ غَضَبِي ۖ وَمَن يَحْلِلْ عَلَيْهِ غَضَبِي فَقَدْ هَوَىٰ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

ہمارا دیا ہوا پاک رزق کھاؤ اور سرکشی نہ کرو۔ ورنہ تم پر میرا غضب ٹوٹ پڑے گا اور جس پر میرا غضب نازل ہوا وہ برباد ہوگیا۔ (٨١)

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

اور اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل سے فرمایا : ﴿كُلُوا مِن طَيِّبَاتِ مَا رَزَقْنَاكُمْ﴾ یعنی اللہ تعالیٰ نے جو نعمتیں تمہیں عطا کی ہیں، ان پر اس کا شکر ادا کرو۔ ﴿وَلَا تَطْغَوْا فِيهِ﴾ یعنی اس کے عطا کردہ رزق میں سر کشی نہ کرو کہ اسے اللہ تعالیٰ کی نافرمانی میں استعمال کرنے لگو یا اس کی نعمت پر اترانے لگو۔ اگر تم نے ایسا کیا تو تم پر میرا غضب نازل ہوگا، یعنی میں تم سے ناراض ہوجاؤں گا اور تمہیں عذاب میں مبتلا کر دوں گا۔ ﴿وَمَن يَحْلِلْ عَلَيْهِ غَضَبِي فَقَدْ هَوَىٰ﴾ یعنی جس پر میرا غضب نازل ہوا وہ ہلاک اور خائب و خاسر ہوا کیونکہ وہ اللہ تعالیٰ کی رضا اور احسان سے محروم ہوگیا اور اس کی ناراضی اور خسارہ اس کے حصے میں آیا۔ بایں ہمہ بندے نے خواہ کتنا بڑا گناہ کیوں نہ کیا، اس کے لئے توبہ کا دروازہ ہر وقت کھلا ہے۔