سورة النسآء - آیت 158

بَل رَّفَعَهُ اللَّهُ إِلَيْهِ ۚ وَكَانَ اللَّهُ عَزِيزًا حَكِيمًا

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” بلکہ اللہ نے انہیں اپنی طرف اٹھالیا اور اللہ ہر چیز پر نہایت غالب، خوب حکمت والا ہے (١٥٨)

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

. { صبح ہی ایک شخص شہر کے ایک دروازے سے چلے گا ، ابھی دوسرے دروازے تک نہیں پہنچا تو شام ہو جائے گی ۔ } لوگوں نے دریافت کیا کہ یا رسول اللہ پھر ان چھوٹے دنوں میں ہم نماز کیسے پڑھیں گے ؟ { آپ نے فرمایا اندازہ کر لیا کرو جیسے ان لمبے دنوں میں اندازہ سے پڑھا کرتے تھے ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں پس عیسیٰ بن مریم علیہ السلام میری امت میں حاکم ہوں گے ، عادل ہوں گے ، امام ہوں گے ، باانصاف ہوں گے ، صلیب کو توڑیں گے ، خنزیر کو قتل کریں گے ، جزیہ کو ہٹا دیں گے صدقہ چھوڑ دیا جائے گا پس بکری اور اونٹ پر کوشش نہ کی جائے گی ، حسد اور بغض بالکل جاتا رہے گا ، ہر زہریلے جانور کا زہر ہٹا دیا جائے گا ، بچے اپنی انگلی سانپ کے منہ میں ڈالیں گے لیکن وہ انہیں کوئی ضرر نہیں پہنچائے گا ۔ شیروں سے لڑکے کھیلیں گے نقصان کچھ نہ ہو گا ، بھیڑئے بکریوں کے گلے میں اس طرح پھریں گے جیسے رکھوالا کتا ہو تمام زمین اسلام اور اصلاح سے اس طرح بھر جائے گی جیسے کوئی برتن پانی سے لبالب بھرا ہوا ہو ، سب کا کلمہ ایک ہو جائے گا ، اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہ ہو گی ، لڑائی اور جنگ بالکل موقف ہو جائے گی ، قریش اپنا ملک سلب کر لیں گے ، زمین مثل سفید چاندی کے منور ہو جائے گی اور جیسی برکتیں زمانہ آدم علیہ السلام میں تھیں لوٹ آئیں گی ، ایک جماعت کو ایک انگور کا خوشہ پیٹ بھرنے کے لیے کافی ہو گا ، ایک انار اتنا ہو گا کہ ایک جماعت کھائی اور سیر ہو جائے بیل اتنی اتنی قیمت پر ملے گا اور گھوڑا چند درہموں پر ملے گا ۔ لوگوں نے پوچھا اس کی قیمت گر جانے کی کیا وجہ ؟ فرمایا اس لیے کہ لڑائیوں میں اس کی سواری بالکل نہ لی جائے گی ۔ دریافت کیا گیا بیل کی قیمت بڑھ جانے کی کیا وجہ ہے ؟ فرمایا اس لیے کہ تمام زمین پر کھیتیاں ہونی شروع ہو جائیں گی ۔} { دجال کے آنے سے تین سال پیشتر سے سخت قحط سالی ہو گی ، پہلے سال بارش کا تیسرا حصہ بحکم الٰہی روک لیا جائے گا اور زمین کی پیداوار کا بھی تیسرا حصہ کم ہو جائے گا ، پھر دوسرے سال اللہ آسمان کو حکم دے گا کہ بارش کی دو تہائیاں روک لے اور یہی حکم زمین کو اپنی پیداوار کی دو تہائیاں کم کر دے ، تیسرے سال آسمان بارش کا ایک قطرہ نہ برسے گا ، نہ زمین سے کوئی روئیدگی پیدا ہو گی ، تمام جانور اس قحط سے ہلاک ہو جائیں گے مگر جسے اللہ چاہے ۔ } آپ سے پوچھا گیا کہ پھر اس وقت لوگ زندہ کیسے رہ جائیں گے ، { آپ نے فرمایا ” ان کی غذا کے قائم مقام اس وقت ان کا «لا الہٰ الا اللہ» کہنا اور «اللہ اکبر» کہنا اور «سبحان اللہ» کہنا اور «الحمداللہ» کہنا ہو گا ۔ } امام ابن ماجہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں میرے استاد نے اپنے استاد سے سنا وہ فرماتے تھے یہ حدیث اس قابل ہے کہ بچوں کے استاد اسے بچوں کو بھی سکھا دیں بلکہ لکھوائیں تاکہ انہیں بھی یاد رہے ۔ ۱؎ (المشکاۃ للالبانی:6044:ضعیف) یہ حدیث اس سند سے ہے تو غریب لیکن اس کے بعض حصوں کی شواہد دوسری حدیثیں ہیں ۔ اسی حدیث جیسی ایک حدیث سیدنا نواس بن سمعان رضی اللہ عنہ سے مروی ہے اسے بھی ہم یہاں ذکر کرتے ہیں ۔ صحیح مسلم شریف میں ہے { ایک دن صبح کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دجال کا ذکر کیا اور اس طرح اسے واضح بیان فرمایا کیا کہ ہم سمجھے ، کہیں مدینہ کے نخلستان میں وہ موجود نہ ہو پھر جب ہم لوٹ کر آپ کی طرف آئے تو ہمارے چہروں سے آپ نے جان لیا اور دریافت فرمایا کہ کیا بات ہے ؟ } ہم نے دل کی بات کہہ دی تو { آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ! دجال کے علاوہ مجھے تو تم سے اس سے بھی بڑا خوف ہے ، اگر وہ میری موجودگی میں نکلا تو میں آپ اس سے سمجھ لوں گا اور اگر وہ میرے بعد آیا تو ہر مسلمان اس سے آپ بھگت لے گا ، میں اپنا خلیفہ ہر مسلمان پر اللہ کو بناتا ہوں ، وہ جوان ہو گا ، آنکھ اس کی ابھری ہوئی ہو گی ، بس یوں سمجھ لو کہ عبدالعزیٰ بن قطن جیسا ہو گا ۔ تم میں جو اسے دیکھے اسے چاہیئے کہ سورۃ الکہف کی شروع کی آیتیں پڑھے وہ شام و عراق کے درمیانی گوشے سے نکلے گا اور دائیں بائیں گشت کرے گا ، اے اللہ کے بندو ! خوب ثابت قدم رہنا ، ہم نے پوچھا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم وہ رہے گا کتنی مدت ؟ آپ نے فرمایا چالیس دن ، ایک دن سال کے برابر ، ایک دن ایک مہینے کے برابر ، ایک دن جمعہ کے برابر اور باقی دن تمہارے معمولی دنوں جیسے ، پھر ہم نے دریافت کیا کہ جو دن سال بھر کے برابر ہو گا ، کیا اس میں ایک ہی دن کی نماز کافی ہوں گی ؟ آپ نے فرمایا نہیں بلکہ اندازہ کر لو اور نماز ادا کر لو ۔ ہم نے پوچھا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! اس کی رفتار کی سرعت کیسی ہو گی ؟ فرمایا ایسی جیسے بادل ہواؤں سے بھاگتے ہیں ۔ ایک قوم کو پانی طرف بلائے گا وہ مان لیں گے تو آسمان سے ان پر بارش برسے گی ، زمین سے کھیتی اور پھل اگیں گے ، ان کے جانور تروتازہ اور زیادہ دودھ والے ہو جائیں گے ، ایک قوم کے پاس جائے گا جو اسے جھٹلائے گی اور اس کا انکار کر دے گی ، یہ وہاں سے لوٹے گا تو ان کے ہاتھ میں کچھ نہ رہے گا وہ بنجر زمین پر کھڑے ہو کر حکم دے گا کہ اے زمین کے خزانو نکل آؤ تو وہ سب نکل آئیں گے اور شہد کی مکھیوں کی طرح اس کے پیچھے پیچھے پھریں گے ۔ { یہ ایک نوجوان کو بلائے گا اور اسے قتل کرے گا اس کے ٹھیک دو ٹکڑے کر کے اتنی اتنی دور ڈال دے گا جو کسی تیر کی کمان سے نکلے ہوئے دوری ہو ، پھر اسے آواز دے گا تو وہ زندہ ہو کر ہنستا ہوا اس کے پاس آ جائے گا ۔ اب اللہ تعالیٰ مسیح بن مریم علیہ السلام کو بھیجے گا اور وہ دمشق کے سفید شرقی مینارے کے پاس دو چادریں اوڑھے دو فرشتوں کے پروں پر بازو رکھے ہوئے اتریں گے ، جب سر جھکائیں گے تو قطرے ٹپکیں گے اور جب اٹھائیں گے تو مثل موتیوں کے وہ قطرے لڑھکیں گے ، جس کافر تک ان کا سانس پہنچ جائے وہ مر جائے گا اور آپ کا سانس وہاں تک پہنچے گا جہاں تک نگاہ پہنچے ، آپ دجال کا پیچھا کریں گے اور باب لد کے پاس اسے پا کر قتل کریں گے ، پھر ان لوگوں کے پاس آئیں گے ، جنہیں اللہ نے اس فتنے سے بچایا ہو گا ، ان کے چہروں پر ہاتھ پھیریں گے اور جنت کے درجوں کی انہیں خبر دیں گے ، اب اللہ کی طرف سے عیسیٰ علیہ السلام کے پاس وحی آئے گی کہ میں اپنے ایسے بندوں کو بھیجتا ہوں جن کا مقابلہ کوئی نہیں کر سکتا تم میرے ان خاص بندوں کو طور کی طرف لے جاؤ ۔} { پھر یاجوج ، ماجوج نکلیں گے اور وہ ہر طرف سے کودتے پھاندتے آ جائیں گے ، بحیرہ طبریہ پر ان کا پہلا گروہ آئے گا اور اس کا سارا پانی پی جائے گا ، جب ان کے بعد ہی دوسرا گروہ آئے گا تو وہ اسے ایسا سوکھا ہوا پائے گا کہ وہ کہیں گے شاید یہاں کبھی پانی نہیں ہو گا ؟ عیسیٰ علیہ السلام اور آپ کے ساتھی مومن وہاں اس قدر محصور رہیں گے کہ ایک بیل کا سر انہیں اس سے بھی اچھا لگے جیسے تمہیں آج ایک سو دینار محبوب ہیں ، اب آپ اور مومن اللہ سے دعائیں اور التجائیں کریں گے ، اللہ ان پر گردن کی گلٹی کی بیماری بھیج دے گا ، جس میں سارے کے سارے ایک ساتھ ایک دم میں فنا ہو جائیں گے ، پھر عیسیٰ علیہ السلام اور آپ کے ساتھی زمین پر اتریں گے مگر زمین پر بالشت بھر بھی ایسی نہ پائیں گے جو ان کی لاشوں سے اور بدبو سے خالی ہو ، پھر اللہ تعالیٰ سے دعائیں اور التجائیں کریں گے تو بختی اونٹوں کی گردنوں کے برابر ایک قسم کے پرند اللہ تعالیٰ بھیجے گا جو ان کی لاشوں کو اٹھا کر جہاں اللہ چاہے ڈال آئیں گے ۔ پھر بارش ہو گی ، جس سے تمام زمین دھل دھلا کر ہتھیلی جیسی صاف ہو جائے گی ، پھر زمین کو حکم ہو گا کہ اپنے پھل نکال اور اپنی برکتیں لوٹا ، اس دن ایک انار ایک جماعت کو کافی ہو گا اور وہ سب اس کے چھلکے تلے آرام حاصل کر سکیں گے ، ایک اونٹنی کا دودھ ایک پورے قبیلے سے نہیں پیا جائے گا ۔ پھر پروردگار عالم ایک لطیف اور پاکیزہ ہوا چلائے گا جو تمام ایماندار مردوں عورتوں کی بغل تلے سے نکل جائے گی اور ساتھ ہی ان کی روح بھی پرواز کر جائے گی اور بدترین لوگ باقی رہ جائیں گے جو آپس میں گدھوں کی طرح دھینگا مشتی میں مشغول ہو جائیں گے ان پر قیامت قائم ہو گی ۔ } ۱؎ (صحیح مسلم:2937) مسند احمد میں بھی ایک ایسی ہی حدیث ہے اسے ہم سورۃ انبیاء کی آیت «حَتَّیٰ إِذَا فُتِحَتْ یَأْجُوجُ وَمَأْجُوجُ وَہُم مِّن کُلِّ حَدَبٍ یَنسِلُونَ » ۱؎ (21-الأنبیاء:96)، کی تفسیر میں بیان کریں گے ان شاءاللہ تعالیٰ ۔