سورة الحج - آیت 32

ذَٰلِكَ وَمَن يُعَظِّمْ شَعَائِرَ اللَّهِ فَإِنَّهَا مِن تَقْوَى الْقُلُوبِ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” حقیقت یہ ہے کہ جو اللہ کے مقرر کردہ شعائر کا احترام کرے تو یہ دلوں کے پرہیزگار ہونے کا ثبوت ہے۔“ (٣٢)

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

قربانی کے جانور اور حجاج اللہ کے شعائر کی جن میں قربانی کے جانور بھی شامل ہیں حرمت وعزت بیان ہو رہی ہے کہ ’ احکام الٰہی پر عمل کرنا اللہ کے فرمان کی توقیر کرنا ہے ‘ ۔ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں { یعنی قربانی کے جانوروں کو فربہ اور عمدہ کرنا ۔ سہل کا بیان ہے کہ ہم قربانی کے جانوروں کو پال کر انہیں فربہ اور عمدہ کرتے تھے تمام مسلمانوں کا یہی دستور تھا } ۔ ۱؎ (صحیح بخاری:9/10) { رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ { دو سیاہ رنگ کے جانوروں کے خون سے ایک عمدہ سفید رنگ جانور کا خون اللہ کو زیادہ محبوب ہے } } ۔ ۱؎ (سلسلۃ احادیث صحیحہ البانی:1861،) پس اگرچہ اور رنگت کے جانور بھی جائز ہیں لیکن سفید رنگ جانور افضل ہیں ۔ صحیح بخاری شریف میں ہے { رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دو مینڈھے چتکبرے بڑے بڑے سینگوں والے اپنی قربانی میں ذبح کئے } ۔ (صحیح بخاری:5565) سیدنا ابوسعید رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں { نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مینڈھا بڑا سینگ والا چت کبرا ذبح کیا جس کے منہ پر آنکھوں کے پاس اور پیروں پر سیاہ رنگ تھا } ۔ (سنن ابوداود:2796،قال الشیخ الألبانی:صحیح) امام ترمذی رحمتہ اللہ علیہ اسے صحیح کہتے ہیں ۔ ابن ماجہ وغیرہ میں ہے کہ { نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دو مینڈھے بہت موٹے تازے چکنے چتکبرے خصی ذبح کئے } ۔ ۱؎ (سنن ابن ماجہ:3122،قال الشیخ الألبانی:صحیح) سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ { ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم فرمایا کہ ہم قربانی کے لیے جانور خریدتے وقت اس کی آنکھوں کو اور کانوں کو اچھی طرح دیکھ بھال لیا کریں ۔ اور آگے سے کٹے ہوئے کان والے پیچھے سے کٹے ہوئے کان والے لمبائی میں چرے ہوئے کان والے یا سوراخ دار کان والے کی قربانی نہ کریں } ۔ ۱؎ (سنن ابوداود:2804،قال الشیخ الألبانی:صحیح) اسے امام ترمذی رحمتہ اللہ علیہ صحیح کہتے ہیں ۔ اسی طرح { نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سینگ ٹوٹے ہوئے اور کان کٹے ہوئے جانور کی قربانی سے منع فرمایا ہے } ۔ ۱؎ (سنن ابوداود:2805،قال الشیخ الألبانی:ضعیف) اس کی شرح میں سعید بن مسیب رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں جب کہ آدھا یا آدھے سے زیادہ کان یا سینگ نہ ہو ۔ بعض اہل لغت کہتے ہیں اگر اوپر سے کسی جانور کا سینگ ٹوٹا ہوا ہو تو اسے عربی میں «قصماً» کہتے اور جب نیچے کا حصہ ٹوٹا ہوا ہو تو اسے «عضب» کہتے ۔ اور حدیث میں لفظ «عضب» ہے اور کان کا کچھ حصہ کٹ گیا ہو تو اسے بھی عربی میں «عضب» کہتے ہیں ۔ امام شافعی رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں ایسے جانور کی قربانی گو جائز ہے لیکن کراہت کے ساتھ ۔ امام احمد رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ جائز ہی نہیں ۔ [ بظاہر یہی قول مطابق حدیث ہے ] امام مالک رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں اگر سینگ سے خون جاری ہے تو جائز نہیں ورنہ جائز ہے «وَاللہُ اَعْلَمُ» ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث ہے کہ { چار قسم کے عیب دار جانور قربانی میں جائز نہیں کانا جانور جس کا بھینگا پن ظاہر ہو اور وہ بیمار جانور جس کی بیماری کھلی ہوئی ہو اور وہ لنگڑا جس کا لنگڑا پن ظاہر ہو اور وہ دبلا پتلا مریل جانور جو گودے کے بغیر کا ہو گیا ہو } ۔ ۱؎ (سنن ابوداود:2802،قال الشیخ الألبانی:صحیح) اسے امام ترمذی صحیح کہتے ہیں ۔ یہ عیوب وہ ہیں جن سے جانور گھٹ جاتا ہے ۔ اس کا گوشت ناقص ہو جاتا ہے اور بکریاں چرتی چگتی رہتی ہیں اور یہ بوجہ اپنی کمزوری کے چارہ پورہ نہیں پاتا اسی لیے اس حدیث کے مطابق امام شافعی وغیرہ کے نزدیک اس کی قربانی ناجائز ہے ۔ ہاں بیمار جانور کے بارے میں جس کی بیماری خطرناک درجے کی نہ ہو بہت کم ہو امام صاحب کے دونوں قول ہیں ۔ ابو داؤد میں ہے کہ { نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا بالکل سینگ کٹے جانور سینگ ٹوٹے جانور اور کانے جانور سے اور بالکل کمزور جانور سے جو ہمیشہ ہی ریوڑ کے پیچھے رہ جاتا ہو بوجہ کمزوری کے یا بوجہ زیادہ عمر کے اور لنگڑے جانور سے } ۱؎ (سنن ابوداود:2803،قال الشیخ الألبانی:ضعیف) پس ان کل عیوب والے جانوروں کی قربانی ناجائز ہے ۔ ہاں اگر قربانی کے لیے صحیح سالم بےعیب جانور مقرر کر دینے کے بعد اتفاقاً اس میں کوئی ایسی بات آ جائے مثلا لولا لنگڑا وغیرہ ہو جائے تو امام شافعی رحمتہ اللہ علیہ کے نزدیک اس کی قربانی بلاشبہ جائز ہے ، امام ابوحنیفہ رحمتہ اللہ علیہ اس کے خلاف ہیں ۔ امام شافعی رحمتہ اللہ علیہ کی دلیل وہ حدیث ہے جو مسند احمد میں ابوسعید رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ { میں نے قربانی کے لیے جانور خریدا اس پر ایک بھیڑیئے نے حملہ کیا اور اس کی ران کا بوٹا توڑ لیا میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے واقعہ بیان کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : { تم اسی جانور کی قربانی کر سکتے ہو } } ۔ ۱؎ (مسند احمد:32/3:ضعیف) پس خریدتے وقت جانور کا فربہ ہونا تیار ہونا بےعیب ہونا چاہیئے جیسے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا حکم ہے کہ { آنکھ کان دیکھ لیا کرو } ۔ ۱؎ (سنن ابوداود:2804،قال الشیخ الألبانی:صحیح) { سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے ایک نہایت عمدہ اونٹ قربانی کے لیے نامزد کیا لوگوں نے اس کی قیمت تین سو اشرفی لگائیں تو آپ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مسئلہ دریافت کیا اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم اجازت دیں تو میں اسے بیچ دوں اور اس کی قیمت سے اور جانور بہت سے خرید لوں اور انہیں راہ للہ قربان کروں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرما دیا اور حکم دیا کہ { اسی کوفی سبیل اللہ ذبح کرو } } ۔ ۱؎ (سنن ابوداود:1756،قال الشیخ الألبانی:ضعیف) سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں قربانی کے اونٹ شعائر اللہ میں سے ہیں ۔ محمد بن ابی موسیٰ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں عرفات میں ٹھہرنا اور مزدلفہ اور رمی جمار اور سر منڈوانا اور قربانی کے اونٹ یہ سب شعائر اللہ ہیں ۔ ابن عمر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں ان سب سے بڑھ کر بیت اللہ شریف ہے ۔ پھر فرماتا ہے ’ ان جانوروں کے بالوں میں ، اون میں تمہارے لیے فوائد ہیں ان پر تم سوار ہوتے ہو ان کی کھالیں تمہارے لیے کار آمد ہیں ۔ یہ سب ایک مقررہ وقت تک ۔ یعنی جب تک اسے راہ للہ نامزد نہیں کیا ۔ ان کا دودھ پیو ان سے نسلیں حاصل کرو جب قربانی کے لیے مقرر کر دیا پھر وہ اللہ کی چیز ہو گیا ‘ ۔ بزرگ کہتے ہیں اگر ضرورت ہو تو اب بھی سواری کی اجازت ہے ۔ بخاری و مسلم میں ہے کہ { ایک شخص کو اپنی قربانی کا جانور ہانکتے ہوئے دیکھ کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اس پر سوار ہو جاؤ } ۔ اس نے کہا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم میں اسے قربانی کی نیت کا کر چکا ہوں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دوسری یا تیسری بار فرمایا { افسوس بیٹھ کیوں نہیں جاتا } } ۔ ۱؎ (صحیح بخاری:1690) صحیح مسلم شریف میں ہے { جب ضرورت اور حاجت ہو تو سوار ہو جایا کرو } ۔ ۱؎ (صحیح مسلم:1324) ایک شخص کی قربانی کی اونٹنی نے بچہ دیا تو سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے اسے حکم دیا کہ اس کو دودھ پیٹ بھر کر پی لینے دے پھر اگر بچ رہے تو خیر تو اپنے کام میں لا اور قربانی والے دن اسے اور اس بچے کو دونوں کو بنام اللہ ذبح کر دے ۔ پھر فرماتا ہے ’ ان کی قربان گاہ بیت اللہ شریف ہے ‘ ۔ جیسے فرمان ہے آیت «ہَدْیًا بٰلِــغَ الْکَعْبَۃِ» ۱؎ (5-المائدۃ:95) اور آیت میں «وَالْہَدْیَ مَعْکُوْفًا اَنْ یَّبْلُغَ مَحِلَّہٗ» ۱؎ (48-الفتح:25) بیت العتیق کے معنی اس سے پہلے ابھی ابھی بیان ہو چکے ہیں «فالْحَمْدُ لِلّٰہ» سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں بیت اللہ کا طواف کرنے والا احرام سے حلال ہو جاتا ہے ۔ دلیل میں یہی آیت «لَکُمْ فِیہَا مَنَافِعُ إِلَیٰ أَجَلٍ مٰسَمًّی ثُمَّ مَحِلٰہَا إِلَی الْبَیْتِ الْعَتِیقِ» ۱؎ (22-الحج:33) تلاوت فرمائی ۔