سورة الناس - آیت 1

قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

کہو ! کہ میں انسانوں کے رب کی پناہ مانگتا ہوں

تفسیر اشرف الحواشی - محمد عبدہ الفلاح

ف 5 اگرچہ اللہ تعالیٰ تمام مخلوق کا بادشاہ اور مالک ہے لیکن انسان چونکہ اشرف المخلوقات ہے اور اس میں اللہ تعالیٰ کی الوہیت کی شان سب سے زیادہ نمایاں ہے۔ اس لئے اس کا خاص طور پر ذکر کیا گیا ہے۔ اس میں اشارہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کا ملک تصرف دنیاوی بادشاہوں کی طرح محض غلبہ اور تسلط کی وجہ سے نہیں ہے بلکہ تمام لوگوں کا معبود ہونے کی وجہ سے ہے جس کی بنیاد الوہیت پر ہے اور الوہیت ہی وہ صفت ہے جو احیاء و اہاتت ایجادو اعدام وغیرہ پر تصرف کلی کی مقتضی ہے۔ لہٰذا شیطان کے شر سے بچنے کی صرف ایک ہی صورت ہو سکتی ہے کہ اسی کو الہ مان کر اس کی پناہ حاصل کرو۔