سورة النسآء - آیت 101

وَإِذَا ضَرَبْتُمْ فِي الْأَرْضِ فَلَيْسَ عَلَيْكُمْ جُنَاحٌ أَن تَقْصُرُوا مِنَ الصَّلَاةِ إِنْ خِفْتُمْ أَن يَفْتِنَكُمُ الَّذِينَ كَفَرُوا ۚ إِنَّ الْكَافِرِينَ كَانُوا لَكُمْ عَدُوًّا مُّبِينًا

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اور جب تم سفر کے لیے نکلو تو تم پرنمازوں کے قصر کرنے میں کوئی گناہ نہیں۔ اگر تمہیں ڈر ہو کہ کافر تمہیں ستائیں گے۔ یقیناً کافر تمہارے کھلے دشمن ہیں

تفسیر اشرف الحواشی - محمد عبدہ الفلاح

ف 4 مغرب اور صبح کی نماز کے علاوہ دوسری نمازوں میں چار کی بجائے دو رکعت پڑھنے کا نام قصر ہے تم پر کچھ گناہ نہیں کے الفاظ سے ثابت ہوتا ہے کہ حالت سفر میں قصر واجب نہیں۔ اس کی صرف اجازت ہے یہی اکثر علمانے سلف کا مسلک ہے مگر آنحضرت ﷺ کی سنت کو دیکھتے ہوئے امام شافعی احمد بن جنبل اور اکثر محدثین کے نزدیک قصر افضل ہے، بعض علما نے حضرت عائشہ (رض) کی حدیث فرضت الصلوٰۃ رکعیتن ( کہ نماز دورکعت فرض ہوئی) کے پیش نظر قصر کو واجب مانا ہے مگر حضرت عائشہ (رض) کی اس حدیث کے متن میں اضطراب ہے اور حضرت عائشہ (رض) کا عمل اور فتویٰ اس کے خلاف ہے اور پھر حضرت ابن عباس (رض) اور عبداللہ بن عمر (رض) قصر کو سنت کہتے ہیں ناین المذھب عن قولھا۔) قرطبی) سفر سے مراد بظاہر تو عام سفر ہے جسے عر ف میں سفر کہا جاتا ہو اب رہی میلوں کی یا دونوں کی مقدار کی تعین تو نہ قرآن کی کسی آیت میں اس کا صاف ذکر ہے اور نہ نبی ﷺ کی کسی صریح حدیث میں بنا بریں جن ائمہ اور علمانے کسی مقدار کی تعین کی ہے انہوں نے عموما نبی صلعم کے سفروں کے دیکھتے ہوئے اپنے اجتہادی سے کی ہے تاہم سب سے بہتر دلیل مقداد سفر میں صحیح مسلم میں حدیث انس (رض) ہے جس کی روسے نو کوس تک کا سفر ہونا چاہئے نیز کسی صحیح حدیث میں نبی صلعم سے یہ ثابت نہیں ہے کہ آپ ﷺ نے کسی سفر میں فرض نماز سے پہلے یا بعد میں سنت ادا کی ہو ہاں رات کے وقت اور صبح کی سنتیں آپ ﷺ ہر سفر میں پڑھا کرتے تھے اور کبھی نہیں چھوڑتے تھے۔ (زادالمعاد) صحابہ (رض) میں سے ابوبکر (رض)، عمر (رض) اور ابن عمر (رض) کا اسی پر عمل تھا (بخاری) البتہ بعض صحابہ (رض) سفر میں فرض نماز سے پہلے اور بعد میں سنتیں اور نفل پڑھا کرتے تھے اس لیے یہ جائز ہیں۔ مسافر اگر مقیم کے پیچھے نماز پڑھے گا تو قصر نہیں کریگا، حضرت ابن عباس (رض) فرماتے ہیں کہ یہ ابو القاسم ﷺ کی سنت ہے (مسند احمد)