کتاب: سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ شخصیت اور کارنامے - صفحہ 111
اور عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: (( لَوْ أَنَّکُمْ تَوَکَّلُوْنَ عَلَی اللّٰہِ حَقَّ تَوَکَّلِہٖ لَرَزَقَکُمْ کَمَا یَرْزُقُ الطَّیْرُ تَغْدُوْ خِمَاصًا وَتَرُوْحَ بَطَانًا۔)) [1] ’’اگر تم اللہ پر اس طرح توکل کرو جس طرح اس پر توکل کرنے کا حق ہے تو وہ تمہیں اسی طرح روزی دے جس طرح پرندوں کو دیتا ہے، وہ خالی پیٹ صبح کو نکلتے ہیں اور شام کو شکم سیر ہو کر واپس ہوتے ہیں۔‘‘ ۶۔ اللہ کو رب، اسلام کو دین اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو نبی ورسول مان کر میں راضی ہوں: ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کچھ چیزوں کے بارے میں پوچھا گیا جسے آپ نے ناپسند کیا، جب اس پر اصرار کیا گیا تو آپ غصے ہوگئے اور لوگوں سے فرمایا: سَلُوْنِیْ عَمَّا شِئْتُمْ، ’’تم مجھ سے جو پوچھنا چاہتے ہو پوچھ لو‘‘ ایک آدمی نے کہا: میرا باپ کون ہے؟ آپ نے فرمایا: حذافہ۔ دوسرا کھڑا ہوا، اس نے پوچھا: میرا باپ کون ہے؟ آپ نے فرمایا: تمہارا باپ شیبہ کے غلام سالم ہیں۔ [2] جب عمر رضی اللہ عنہ نے آپ کے چہرے پر غصہ کی علامت دیکھی تو کہا: اے اللہ کے رسول ہم اللہ سے توبہ کرتے ہیں۔ [3] ایک روایت میں ہے کہ عمر رضی اللہ عنہ دو زانو بیٹھ گئے اور کہا: ہم اللہ کو ربّ مان کر، اسلام کو دین مان کر اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو نبی مان کر خوش ہیں۔ پھر آپ خاموش ہوگئے۔ [4] ۷۔ نہیں میرے لیے خاص نہیں، نہ تیرے لیے باعث مسرت ہے اور نہ دوسروں ہی کے لیے، بلکہ یہ سب کے لیے ہے: ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ایک آدمی عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کے پاس آیا اور کہا کہ میرے پاس ایک عورت کچھ خریدنے آئی، میں اسے اپنے خاص کمرے میں لے گیا اور جماع کے علاوہ سب کچھ کیا۔ آپ نے فرمایا: تیری بربادی ہو شاید اس کا خاوند جہاد پر گیا ہے؟ اس نے کہا: جی ہاں۔ عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: ابوبکر کے پاس جا کر سوال کرو، اس شخص نے ابوبکر رضی اللہ عنہ کے پاس جا کر سوال کیا، ابوبکر رضی اللہ عنہ نے کہا: شاید اس کا شوہر جہاد پر گیا ہے؟ اس نے وہی کہا جو عمر رضی اللہ عنہ سے کہا تھا۔ پھر اس شخص نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جا کر یہ مسئلہ بیان کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: شاید اس کا شوہر جہاد پر گیا ہے؟ اور قرآن کی یہ آیت نازل ہوئی: وَأَقِمِ الصَّلَاةَ طَرَفَيِ النَّهَارِ وَزُلَفًا مِنَ اللَّيْلِ إِنَّ الْحَسَنَاتِ يُذْهِبْنَ السَّيِّئَاتِ ذَلِكَ ذِكْرَى لِلذَّاكِرِينَ (ہود:۱۱۴)
[1] مسند أحمد، بروایت جابر: ۳/ ۳۸۷۔ الفتاویٰ: ۱۱/ ۲۳۲ [2] صحیح البخاری، بدء الخلق، حدیث نمبر: ۳۱۹۲ [3] اس کی سند صحیح ہے اور بخاری کی شرط پر ہے۔ مسند أحمد حدیث نمبر: ۱۲۲۔ الموسوعۃ الحدیثیۃ ۔