کتاب: مقالاتِ اثریہ - صفحہ 44
کے مابین باہمی مناقشات میں مقصد حقیقت کی تلاش اور راہِ صواب کو پانا ہے، ایک دوسرے کو کمتر یا نیچا دکھانا قطعاً مراد نہیں ہوتا۔ حدیث کی تصحیح و تضعیف ہو یا کوئی فقہی یا اصولی مسئلہ ہو، ان میں اختلاف نیا نہیں، زمانہ قدیم سے ہے۔ ہر دور میں علمائے کرام نے بساط بھر انھیں منقح کرنے اور اصل حقیقت کو اجاگر کرنے کی اپنی سی کوششیں کی ہیں۔ اسی نوعیت کی ایک کوشش ہمارے فاضل بھائی مولانا محمد خبیب احمد صاحب حفظہ اللہ نے ’’مقالاتِ اثریہ‘‘ میں کی ہے جو تین ابواب پر مشتمل ہیں۔ بابِ اول میں مصطلح الحدیث سے متعلقہ مقالات ہیں۔ دوسرے باب میں چھ احادیث پر بحیثیت صحت و ضعف بحث ہے اور تیسرے باب میں انھوں نے تین متفرق عناوین پر خاصہ فرسائی فرمائی ہے۔ یہ مقالات خالص علمی اور فنی مباحث پر مشتمل ہیں، جن سے طلبائے علم ہی نہیں، علمائے کرام بھی مستفید ہوں گے اور بہت سی نئی جہتیں ان کے سامنے آئیں گی، اور ان شاء اللہ بہت سی بند گرہیں کھلیں گی۔ جناب خبیب صاحب میدانِ تحقیق کے شناور ہیں، ان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔ اللہ تعالیٰ انھیں اپنی مرضیات سے نوازیں اور دینِ حنیف کی خدمت کی مزید توفیق عطا فرمائے۔ آمین خادم العلم والعلماء ارشاد الحق اثری، عفی عنہ رئیس ادارہ علوم اثریہ، منٹگمری بازار، فیصل آباد