کتاب: جرح وتعدیل - صفحہ 9
کتاب: جرح وتعدیل مصنف: محمد ابراہیم بن بشیر الحسنوی پبلیشر: دار ابن بشیر للنشر والتوزیع ترجمہ: تقریظ الدکتور الاستاذ حافظ حمزہ مدنی حفظہ اللہ نحمدہ ونصلی علی رسوله الكريم،اشهد ان لا اله الا اللّٰه و اشهد ان محمدا عبده و رسوله امام بعد ! دین کی خدمت بہت بڑی سعادت ہے۔ اللہ تعالیٰ اسی پر قائم دائم رکھے اور آخری سانس تک سب سے دین کی آبیاری کا کام لیتا رہے۔ جامعہ لاہور الاسلامیہ نصف صدی سے زائد مدت سے دینی،اصلاحی، عملی و تحقیقی میدانوں میں کام کر رہا ہے۔ ہمارے جامعہ کے فیض یافتہ گان الحمد للہ دنیا کے کونے کونے میں دینی خدمات میں مصروف ہیں۔ جامعہ کے فارغ التحصیل کچھ وہ فضلاء علمائے کرام جن پر ادارہ کو فخر ہے،ان میں ہمارے با صلاحیت اور فاضل بھائی الشیخ مولانا محمد ابراہیم بن بشری الحسینوی حفظہ اللہ بھی ہیں۔ موصوف کا زمانہ طالب علمی سے ہی قلم و قرطاس سے گہرا تعلق تھا۔ ابتدائی کلاسز سے ہی میری ان پر خاص توجہ تھی۔ اسی توجہ کے نتیجے میں کمپوٹر کی تعلیم سکھلائی اور تصنیفی و تحقیقی پراجیکٹس کی طرف بھر پور راہنمائی کی اور آج تک ان سے کئی علمی کام کروائے۔ موصوف نہایت محنتی اور قابل عالم ہیں۔ وہ بالخصوص حدیث و علوم حدیث میں ماشاء اللہ ید طولیٰ رکھتے ہیں۔ جہاں وہ بطور مدرس تقریباً چودہ پندرہ سال سے دینی علوم و فنون کی تدریس کر رہے ہیں وہیں وہ زمانہ طالب علمی سے لے کر اب تک کئی درجن کتب پر علمی کام بھی کر چکے ہیں۔ ان کی دو درجن سے زائد کتب الحمد للہ مطبوع ہیں،نیز قصور شہر میں وہ اپنی نگرانی میں جامعہ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ (بائی پاس) اور کئی ممالک میں ابن حنبل اوپرن یونیورسٹی بھی چلا رہے ہیں۔ کثر اللّٰہ امثالهم اب تک فاضل بھائی نے جو علمی تحقیقی کام ہمارے زیر اشراف کیے ہیں،وہ درج ذیل ہیں : ۱: تلخیص حجیت از شیخ محمد ناصر الدین البانی رحمہ اللہ۔