کتاب: اسلام میں بنیادی حقوق - صفحہ 13
کتاب: اسلام میں بنیادی حقوق مصنف: فضیلۃ الشیخ محمد بن صالح العثیمین پبلیشر: دارالسلام ، لاہور ترجمہ: زیر نظر کتاب کے مصنف فضیلۃ الشیخ محمد صالح العثیمین رحمہ اللہ ہیں جنہوں نے انتہائی اختصار کے ساتھ اسلام میں بنیادی حقوق کا بہت خوبصورت نقشہ کھینچا ہے ،اسے دارالسلام کی طرف سے اردو قالب میں ڈھالا گیا ۔ مذکورہ کتاب میں سب سے پہلے توحید و رسالت سے متعلقہ بنیادی حقوق کو بیان کیا گیا اور پھر والدین، میاں بیوی، اولاد، رشتہ داروں، ہمسایوں، حکمران اور رعایا، عام مسلمانوں حتیٰ کہ غیر مسلموں تک کے حقوق کی مستند حوالوں سے تفصیل بیان کی گئی ہے۔یوں یہ کتاب چند صفحات میں بڑی بنیادی اور مہم معلومات سمیتے ہوئے ہے۔ مقدمہ ہر قسم کی تعریف اللہ کے لیے ہے۔ہم اس کی حمد بیان کرتے ہیں،اسی سے مدد چاہتے ہیں،اسی سے معافی طلب کرتے اور اسی کی طرف رجوع کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے نفس کی شر انگیزیوں اور اعمال کی برائیوں سے اپنی پناہ میں رکھے۔ اللہ تعالیٰ جسے ہدایت نصیب فرما دے،اسے کوئی گمراہ نہیں کر سکتا اور جسے وہ گمراہ کر دے،اسے کوئی ہدایت نہیں دے سکتا میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں۔وہ اکیلا ہے جس کا کوئی شریک نہیں۔میں یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم اس کے بندے اور رسول ہیں۔اللہ تعالیٰ آپ پر،آپ کی آل و اصحاب رضی اللہ عنہم پر اور ہر اس شخص پر جس نے بھلائی کے ساتھ ان کا اتباع کیا،رحمت اور سلامتی نازل فرمائے۔ اللہ تعالیٰ کی شریعت کی خوبیوں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ اس میں عدل کا لحاظ رکھا گیا ہے تاکہ ہر صاحب حق کو کسی کمی بیشی کے بغیر اس کا حق دیا جائے،چنانچہ اللہ تعالیٰ نے عدل ،احسان اور قریبی رشتہ داروں کے حقوق ادا کرنے کا حکم دیا۔عدل کے ساتھ ہی رسول بھیجے اور کتابیں نازل کیں اور عدل ہی سے دنیا و آخرت کے امور قائم ہیں۔