کتاب: دین کے تین اہم اصول مع مختصر مسائل نماز - صفحہ 10
اس کا ترجمہ کردیں تاکہ سکول کے طلبہ واساتذہ اور عربی سے ناآشنا عوام النّاس اس سے استفادہ کرسکیں،لہٰذا تعمیل ِ ارشاد آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ {وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ بِنِعْمَتِہٖ تَتِمُّ الصَّالِحَاتُ۔} اس کتاب کا پہلا حصّہ ’’دین کے تین اہم اصول‘‘ سب سے پہلے سعودی عرب کے دارالافتاء نے ۱۴۱۲ ؁ھ ،۱۹۹۱ ؁ء میں چھاپا۔اسکے بعد اسے الریاض،القصیم،الخبر(السعودیہ) اورضلع اٹک(پاکستان) کے کئی دعوتی وتبلیغی اور تعلیمی وتدریسی اداروں (مکاتب ومراکز دعوۃ الجالیات اور جامعات) نے شائع کیا اور پھر وزارت ِ امور اسلامیہ واوقاف اور دعوت وارشاد نے بھی اسے شائع کیا ہے۔اور آج تک اسکے مختلف جگہوں سے آٹھ ایڈیشن چھپ چکے ہیں۔وَلِلّٰہِ الْحَمْدُ وَمِنْہُ الْقُبُوْلُ۔ شروع کے ایڈیشنوں میں راقم کا نام بھی بطور ِ مترجم شائع ہوتا رہا اور جب وزارت ِ امورِ اسلامیہ نے اپنی طرف سے اس کتاب کو چھاپا تو انھوں نے اور پھر اُنہی سے اخذ کرتے ہوئے جالیات الربوۃ(الریاض) اورجالیات الخبرنے بھی پتہ نہیں مترجم کا نام کیوں حذف کردیا؟جبکہ شیخ الاسلام ؒ اردو نہیں جانتے تھے اور نہ ہی یہ کتاب اردو میں لکھی گئی تھی۔ اب اس زیرِ نطر ایڈیشن کو مکتبہ کتاب وسنّت ریحان چیمہ(سیالکوٹ) اور توحید پبلیکیشنز(بنگلور) شائع کرکے آپ کی خدمت میں پیش کررہے ہیں۔اس نئے ایڈیشن میں بھی ہم افادۂ عام کی غرض سے شیخ الاسلام کی دونوں کتابوں کو یکجا شائع کررہے ہیں۔ پہلی کتاب میں کہیں کہیں اور دوسری کتاب میں بکثرت حواشی لگا کر دونوں کتب کی تفہیم وتشریح کی کوشش کی گئی ہے،لیکن مختصرحواشی متن کے اندر ہی قوسین(۔۔۔) اور بڑے یا طویل حواشی (٭۔۔٭)کے مابین دے دیئے ہیں تا کہ تسلسل قائم رہے اور مؤلف ؒ کے کلام سے الگ بھی رہیں۔ان حواشی کے سلسلہ میں ہم نے شیخ محمد منیر الدمشقی ؒ کی تعلیقات سے بھی استفادہ کیا ہے۔فَجَزَاہُ اللّٰہُ خَیْراً۔