کتاب: دعوت دین کِسے دیں؟ - صفحہ 73
’’میں محمد نبی امی ہوں‘‘۔ صلی اللہ علیہ وسلم ۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ (الفاظ) تین مرتبہ فرمائے۔ ’’اور میرے بعد کوئی نبی نہیں۔‘‘ خلاصہ گفتگو یہ ہے، کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نبوت و رسالت کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد کوئی شخص بطور نبی و رسول مبعوث نہیں کیا جائے گا اور یہ بات دو چیزوں کا تقاضا کرتی ہے ایک یہ ہے، کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کے بعد دنیا میں موجود ہر شخص آپ پر ایمان لاکر آپ کی امت میں شامل ہوجائے اور دوسری بات یہ ہے، کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لانے والا شخص اسی بات کی تاحد ِاستطاعت دوسروں کو دعوت دے۔ (۷) امت اسلامیہ کا ہدایتِ خلق کے لیے وجود میں آنا دعوتِ اسلامیہ کے عالم گیر ہونے کے دلائل میں سے ایک یہ ہے، کہ امت مسلمہ کا وجود و ظہور ہی تمام لوگوں کی ہدایت اور راہ نمائی کے لیے ہوا ہے۔ ذیل میں اس کے متعلق توفیق الٰہی سے دو دلائل پیش کئے جارہے ہیں: ۱: ارشاد ربانی: {کُنْتُمْ خَیْرَ اُمَّۃٍ اُخْرِجَتْ لِلنَّاسِ تَاْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَتَنْہَوْنَ عَنِ الْمُنْکَرِ وَ تُؤْمِنُوْنَ بِاللّٰہِ}[1] [(مسلمانو!) تم تمام امتوں میں ’’بہتر امت‘‘ ہو، جو لوگوں (کی ارشاد و اصلاح) کے لیے ظہور میں آئی ہے۔ تم نیکی کا حکم دینے والے، برائی سے روکنے والے اور اللہ تعالیٰ پر (سچا) ایمان رکھنے والے ہو]۔
[1] سورۃ آل عمران / جزء من الآیۃ ۱۱۰۔