کتاب: دعوت دین کِسے دیں؟ - صفحہ 220
عرب و عجم میں اسلام کی اشاعت کے لیے جدوجہد فرمائی۔ علاوہ ازیں جس طرح اسلام عربوں کے لیے مفید اور سعادتِ دارین کا سبب ہے، اسی طرح غیر عربوں کے لیے بھی ہے۔ مزید برآں اسلام کے آغاز ہی سے عالمگیر مذہب ہونے کی شہادت خود غیر مسلم مفکرین نے بھی دی ہے۔ شبہ ۲: اسلام کا صرف اہل عرب کا دین ہونا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عربی تھے۔ ان پر نازل کردہ کتاب عربی زبان میں ہے۔ ان کی بعثت عرب میں ہوئی۔ اس سے معلوم ہوتا ہے، کہ ان کی نبوت و رسالت بھی صرف عرب کے لیے تھی۔ حقیقت شبہ: اس شبہ کی حقیقت سمجھنے کے لیے قارئین کرام سے درج ذیل باتوں کی طرف توجہ مبذول کرنے کی التماس ہے: اس شبہ میں تسلیم کیا گیا ہے، کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم رسول تھے، البتہ… بقول اس شبہ کے… ان کی نبوت و رسالت صرف عرب کے لیے تھی۔ یہاں یہ سوال ہے، کہ کیا کوئی نبی و رسول جھوٹ بولتا ہے؟ یقینا جواب یہ ہے، کہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے، کہ وہ جھوٹ نہیں بولتا، کیونکہ جھوٹ بولنے والا نبی و رسول نہیں ہوسکتا۔ دوسرا سوال یہ ہے، کہ کیا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے کہا ہے، کہ ان کی نبوت و رسالت صرف عربوں کے لیے ہے؟ جواب یہ ہے، کہ انہوں نے بالکل ایسے نہیں فرمایا، بلکہ اس سلسلے میں صورتِ حال اس کے یکسر مختلف ہے۔ صورتِ حال کا یہ اختلاف درج ذیل حقائق کی روشنی میں نصف النہار کے آفتاب کی طرح واضح اور