کتاب: عظمت قرآن : بزبان قرآن - صفحہ 78
بن عامر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: ’’مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہر نماز کے بعد معوذات(الاخلاص و المعوذتین)پڑھنے کا حکم دیا۔‘‘(سلسلۃ الأحادیث الصحیحۃ:۲۷۶۱) بعض ارشاداتِ نبویہ سے پتا چلتا ہے کہ انسانوں کی نظرِ بد اور جن و شیاطین کے اثرات مثلاً جادو،سایہ،جنون،وساوس،حسد اور شیطانی خیالات وغیرہ سے بچنے کے لیے معوذتین سے بڑھ کر مؤثرکوئی دعا نہیں۔چنانچہ سنن ترمذی،نسائی،ابن ماجہ اور الاحادیث المختارہ للضیاء المقدسی میں حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: ((کَانَ رَسُوْلُ اللّٰہِ یَتَعَوَّذُ مِنَ الْجَانِّ وَ عَیْنِ الْاِنْسَانِ حَتّٰی نَزَلَتِ الْمُعَوِّذَتَانِ فَلَمَّا نَزَلَتَا أَخَذَ بِہِمَا وَتَرَکَ سِوَاہُمَا)) ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جنوں اور انسانوں کی نظر(بد)سے بچنے کے لیے(اللہ تعالیٰ کی)پناہ طلب فرمایا کرتے تھے لیکن جب معوذتین نازل ہوگئیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے باقی تمام دعائیں ترک کردیں اور معوذتین کو اپنا لیا۔‘‘ (سنن الترمذي،أبواب الطب:۲/ ۱۶۸۱،صحیح الجامع:۴۹۰۲) معوذتین کی عظمت و فضیلت کا بہترین ثبوت وہ احادیث ہیں جن میں آیا ہے کہ معوذتین جادو کا اثر زائل کرنے کے لیے سب سے بہتر اور مؤثر دم ہے۔رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر جادو کیا گیا تو حضرت جبرائیل علیہ السلام نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو معوذتین پڑھنے کی ہدایت کی۔جسے پڑھنے کے بعد رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم مکمل طور پر جادو کے اثر سے آزاد ہوگئے۔ نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر جادو کیے جانے کا ثبوت تو خود صحیح بخاری وغیرہ میں بھی