کتاب: عظمت قرآن : بزبان قرآن - صفحہ 62
پڑھا:{اِنَّا فَتَحْنَا لَکَ فَتْحاً مُّبِیناً}۔‘‘ 10۔سورت واقعہ کی عظمت و فضیلت: قرآنِ کریم کی بعض سورتیں روزِ قیامت و آخرت کے بارے میں بڑی فکر انگیز ہیں،کیونکہ ان میں بیان کیے گئے واقعات انسان میں فکرِ آخرت پیدا کرتے ہیں۔ان میں سے سورۃ الواقعہ بھی ہے،جیسا کہ عظمتِ سورت ہود کے ضمن میں اس کے متعلق حدیث ذکر کی جاچکی ہے۔ 11۔سورت جمعہ کی عظمت و فضیلت: سورت جمعہ کا بھی ایک خاص مقام ہے۔اس سورت کی عظمت کے لیے یہی کیا کم ہے کہ صحیح مسلم میں حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں: ’’رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جمعہ کی نماز میں سورۃ الجمعہ اور سورۃ المنافقون تلاوت فرمایا کرتے تھے۔‘‘(صحیح مسلم،کتاب الجمعۃ:۲۰۳۱) 12۔سورت منافقون کی عظمت و فضیلت: سورت منافقون بھی ایک اہمیت کی مالک ہے۔جیسا کہ صحیح مسلم کی مذکورہ سابقہ حدیث میں اس سورت کا ذکر بھی موجود ہے۔ 13۔سورۃ الملک کی عظمت و فضیلت: 1۔ سورۃ الملک کی عظمت یہی کیا کم ہے کہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہر رات سونے سے قبل اس کی اور سورۃ السجدہ کی تلاوت فرمایا کرتے تھے،جیسا کہ عظمتِ سورۃ السجدہ کے ضمن میں حدیث ذکر کی جاچکی ہے۔ 2۔ اسی پر بس نہیں بلکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بتایا ہے کہ سورت مُلک کی روزانہ تلاوت عذاب قبر سے محفوظ رکھتی ہے۔چنانچہ مستدرک حاکم اور حلیۃ الاولیاء