کتاب: عظمت قرآن : بزبان قرآن - صفحہ 60
7۔سورت سجدہ کی عظمت و فضیلت: سورت سجدہ بھی بڑے مقام و مرتبہ والی ہے،اس کی عظمت و فضیلت یہی کیا کم ہے کہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہر رات سونے سے قبل اس کی اور سورۃ الملک کی تلاوت فرمایا کرتے تھے۔چنانچہ سنن ترمذی،نسائی،مسند احمد اور مستدرک حاکم میں حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے: ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس وقت تک نہ سوتے جب تک سورت’’الم تنزیل‘‘(السجدہ)اور سورت’’تبارک الّذي‘‘(الملک)تلاوت نہ فرمالیتے۔‘‘ (سنن الترمذي:۳/ ۲۳۱۵،صحیح الجامع:۴۸۷۳،الصحیحۃ:۵۸۷) اسی طرح رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جمعہ کے روز نمازِ فجر کی پہلی رکعت میں بھی سورت السجدہ اور دوسری رکعت میں سورۃ الدہر کی تلاوت فرماتے تھے۔چنانچہ صحیح مسلم میں حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے: ‘’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جمعہ کے روز نمازِ فجر(کی پہلی رکعت)میں سورۃ السجدہ اور(دوسری رکعت میں)سورۃ الدہر کی تلاوت فرماتے۔اور جمعہ کی نماز میں سورۃ الجمعہ اور سورۃ المنافقوں کی تلاوت فرماتے۔‘‘ (صحیح مسلم،کتاب الجمعہ:۲۰۳۱) 8۔سورۃ الزمر کی عظمت و فضیلت: سورۃ الزمر کی بھی بڑی فضیلت آئی ہے۔اس سورۃ کی عظمت کے لیے یہی کیا کم ہے کہ سنن ترمذی و مسند احمد میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں: ’’ہر رات سونے سے پہلے رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سورت بنی اسرائیل اور سورۃ الزمر کی تلاوت فرمایا کرتے تھے۔‘‘ (ترمذی،أبواب فضائل القرآن،مسند أحمد:۶/ ۱۸۹)