کتاب: عظمت قرآن : بزبان قرآن - صفحہ 134
دنیوی زندگی میں رحمت قرآنِ مجید انسانوں کے لیے کتابِ ہدایت ہے۔قرآن مجید کا ہدایت ہونا بھی رحمت ہے۔اسی طرح قرآنِ مجید شفا کا نسخہ ہے اور قرآنِ مجید کا شفا ہونا بھی رحمت ہے۔اس کے علاوہ قرآنِ مجید اہل ایمان کے لیے دنیوی،برزخی اور اخروی زندگی میں کس طرح باعثِ رحمت ثابت ہوتا ہے؟ اس کی تفصیل مندرجہ ذیل ہے۔ 1۔گمراہیوں سے حفاظت: جو شخص قرآنِ مجید کی تعلیمات پر مضبوطی سے جما رہے گا وہ ہر دور میں گمراہیوں سے محفوظ رہے گا۔چنانچہ سورۂ طٰہٰ میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے: } فَمَنِ اتَّبَعَ ھُدَایَ فَلَا یَضِلُّ وَ لَا یَشْقٰی }[طٰہٰ:۱۲۳] ’’جس نے میری ہدایت کی پیروی کی وہ نہ(دنیا میں)گمراہ ہوگا نہ(آخرت میں)نامراد ہوگا۔‘‘ قرآنِ کریم کی اس آیت کے علاوہ معجم طبرانی کبیر میں حضرت جبیر بن مطعم رضی اللہ عنہ سے مروی ارشادِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے: ((أَبْشِرُوْا،فَاِنَّ ہَذَا الْقُرْآنَ طَرَفُہٗ بِیَدِ اللّٰہِ،وَ طَرَفُہٗ بِأَیْدِیکُمْ،فَتَمَسَّکُوْا بِہٖ فَاِنَّکُم لَنْ تَہْلِکُوْا وَلَنْ تَضِلُّوْا بَعْدَہٗ أَبَداً)) (المعجم الکبیر للطبراني:)