کتاب: عظمت قرآن : بزبان قرآن - صفحہ 128
عطا فرما دیتا ہے۔‘‘(صحیح مسلم،کتاب الصلاۃ:۸۷۸) سورت بقرہ کی آخری دو آیات پڑھ کر دم کرنا بھی تمام بیماریوں کے لیے اکسیر کا درجہ رکھتا ہے۔صحیح مسلم میں حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادِ مبارک ہے: ‘’سورت بقرہ کی آخری دوآیات پڑھ کر جو کچھ اللہ تعالیٰ سے طلب کیا جائے اللہ تعالیٰ عطا فرماتا ہے۔‘‘(صحیح مسلم،کتاب فضائل القرآن:۱۸۷۷) ایسے ہی سنن ابو داود میں ہے کہ صبح و شام تین تین مرتبہ سورۃ الاخلاص اور معوذتین پڑھ کر خود اپنے آپ(اور مریض)کو دم کرنا چاہیے۔ (سنن أبي داود:۳/ ۴۲۴۱) 5۔جانکنی کی تکلیف کا علاج: مرض الموت میں مریض کی عیادت کرنے والوں کو چاہیے کہ معوذتین پڑھ کر مریض پر دم کریں،جیسا کہ صحیح بخاری،سنن ابو داود،نسائی،ابن ماجہ اور موطأ مالک میں ہے کہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے مرض الموت میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا معوذتین پڑھ کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دم کرتی رہیں۔(صحیح البخاري:۵۰۱۶) 6۔نظرِ بد سے بچنے کا علاج: نظرِ بد سے بچنے کے لیے معوذتین پڑھ کر مریض کو دم کرنا چاہیے۔سنن ترمذی،نسائی،ابن ماجہ اور الاحادیث المختارہ للضیاء المقدسی میں حضرت ابو سعید رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اپنی بعض دعاؤں کے ساتھ شیاطینِ جن و انس سے اللہ تعالیٰ کی پناہ طلب فرمایا کرتے تھے،لیکن جب معوذتین اترگئیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے باقی دعائیں ترک فرمادیں اور معوذتین کو اپنا معمول بنالیا۔ (سنن الترمذي:۲/ ۱۶۸۱،صحیح الجامع:۴۹۰۲)