کتاب: البیان شمارہ 14-15 - صفحہ 33
علم حاصل کرنے کیلئے سفر کرنا ،اسی طرح صالح بندوں ، مسلمان بھائیوں اوردینداردوستوں کی زیارت کرنے اور ان کے ساتھ ملاقات کرنے کی ترغیب احادیث میں وارد ہے ۔لہٰذا یہ دونوں زیارتیں اورملاقاتیں اس حکم سے مستثنیٰ ہیں ۔ مسجدمیں داخل ہونے کے آداب 1سیدنا ابو سعید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تم مسجد میں داخل ہوتے وقت یہ دعاپڑھاکرو۔{[1] اَللّٰھُمَّ افْتَحْ لِیْ اَبْوَابَ رَحْمَتِکَ ”یااللہ !میرے لیے اپنی رحمت کے دروازے کھول دے ۔“ اورنکلتے وقت یہ دعاپڑھاکرو۔ اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْأَلُکَ مِنْ فَضْلِکَ ”یااللہ !میں تجھ سے تیری بھلائی کا سوال کرتاہوں ۔“ سیدہ فاطمہ سے روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم  جب مسجد میں داخل ہوتے تھے تو یہ دعاپڑھتے تھے۔ بِسْمِ اللہِ وَالسَّلاَمُ عَلٰی رَسُوْلِ اللہِ اَللّٰھُمَّ اغْفِرْلِیْ ذُنُوْبِیْ وَافْتَحْ لِیْ اَبْوَابَ رَحْمَتِکَ ”اللہ کے نام کے ساتھ اورسلام ہواللہ کے رسول( صلی اللہ علیہ وسلم ) پر یااللہ!میرے گناہوں کومعاف فرمادے اور میرے لیے اپنی رحمت کے دروازے کھول دے۔“ اور جب نکلتے تھے تویہ کلمات کہتے تھے ۔ بِسْمِ اللہِ وَالسَّلاَمُ عَلٰی رَسُوْلِ اللہِ اَللّٰھُمَّ اغْفِرْلِیْ ذُنُوْبِیْ وَافْتَحْ لِیْ اَبْوَابَ فَضْلِکَ ”اللہ کے نام کے ساتھ اورسلام ہواللہ کے رسول( صلی اللہ علیہ وسلم )پر یااللہ میرے گناہوں کومعاف فرمادے اور میرے لیےاپنے فضل کے دروازے کھول دے ۔“[2]
[1] مسلم،مشکوٰۃ ص 28 [2] ابن ماجہ :771اورترمذی :314الصلاۃ باب ماجاء مایقول عند دخولہ المسجد