کتاب: البیان شمارہ 14-15 - صفحہ 153
(3) مولانا قاضی محمد سلیمان سلمان منصورپوری (م1349ھ) نامور عالم دین ،سیرت نگار اور دانشور اور صاحب علم وفضل اور علوم اسلامیہ کے متبحر عالم جماعت اہلحدیث کے جلیل القدر فرزند اور ریاست پٹیالہ میں شیشن جج کے عہدہ پر فائز تھے سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر ان کی کتاب ’’رحمۃ للعالمین‘‘ (3جلد) شہرت دوام حاصل کر چکی ہے علامہ سید سلیمان ندوی(م 1375ھ) فرماتے ہیں کہ : مولانا قاضی محمد سلیمان سلمان منصورپوری علم وعمل ،زہد وکمال اور فضل وورع دونوں کے جامع تھے روشن دل اور دماغ تھے ، ان کے جدید وقدیم دونوں خیالات حد اعتدال پر تھے عربی زبان اور علوم دین کے مبصر عالم تھے توراۃ وانجیل پر فاضلانہ وناقدانہ نگاہ رکھتے تھے غیر مسلموں سے مناظرہ کے شائق تھے مگر ان کے مناظرہ کا طرز سنجیدگی، متانت اور عالمانہ وقار کے ساتھ تھا مسلکاً اہل حدیث تھے مگر اماموں اور مجتہدوں کی دل سے عزت اور ان کی محنتوں اور جانفشانیوں کی پوری قدر کرتے تھے۔[1] عیسائیت کی تردید: عیسائیت کی تردید میں قاضی صاحب کی درج ذیل تصانیف ہیں : ۱۔ ایک پادری کے آٹھ سوالوں کا جواب ۲۔برہان ۳۔ انجیلوں میں خدا کا بیٹا ۴۔ استقامت ۵۔ علمی وتبلیغی خطوط ۶۔قرآن، توراۃ اور انجیل میں باہمی نسبت[2] قادیانیت کی تردید: ۱۔ غایۃ المرام : یہ کتاب مرزا قادیانی کے رسالہ جات متعلقات دعاوی مسیحیت جیسے فتح العلام وتوضیح المرام کے جواب میں ہے۔
[1] یادرفتگان،ص:106 [2] جماعت اہلحدیث کی تصنیفی خدمات ، ص:682۔683