کتاب: آداب دعا - صفحہ 79
(۲۲) … طواف کی دو رکعتوں کے بعد : جب طواف سے فارغ ہو جائیں تو مقامِ ابراہیم علیہ السلام اور خانہ کعبہ کو ایک سیدھ میں اپنے سامنے رکھ کر دو رکعتیں پڑھنی ضروری ہیں، ان کے بعد بھی دعائیں کرنی چاہئیں ۔نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا عملِ مبارک بتاتا ہے کہ یہ وقت بھی وقتِ قبولیّت ہے۔ (۲۳)… آبِ زمزم پیتے ہوئے : ابن ماجہ ، ابن ابی شیبہ، بیہقی اور مسند احمد میں رسولُ اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے : ((مَائُ زَمْزَمَ لِمَا شُرِبَ لَہٗ))۔[1] ’’ آبِ زمزم جس [غرض اور مرض کیلئے] پیا جائے مفید ہے ۔‘‘ خود نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے تو صحیح سند کے ساتھ آبِ زمزم پینے کی کوئی دعاء ثابت نہیں البتہ حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما جب آبِ زمزم پیتے تو اللہ تعالیٰ سے یہ دعاء کیا کرتے تھے : ((الَلّٰہُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ عِلْمًا نَّافِعًا وَّ رِزْقًا وَاسِعًا وَّ شِفَآئً مِّنْ کُلِّ دَائٍ ))۔ ’’ اے اللہ! میں تجھ سے نفع بخش علم، وسیع رزق اور ہر بیماری سے شفاء مانگتا ہوں ‘‘ اس دعاء پر مشتمل اثر یا روایت کو بعض اہلِ علم نے ایک صحابی کا عمل ثابت ہونے کی صورت میں ذکر کیا ہے ۔ [2] لیکن سنن دار قطنی (۱/۲/۲۸۸) او ر مستدرک حاکم (۱/۴۷۳) میں وارد اس دعاء پر مشتمل اثر کی سند کو بعض دیگر کبار محدّثین و اہلِ علم نے ضعیف قرار دیا ہے ۔
[1] سلسلہ الاحادیث ۲؍۵۷۲ [2] صحیح الاذکار ،ص:۵۷، دیکھیٔے : ارواء الغلیل للالبانی ۴؍۳۳۲،۳۳۳و ’’سوئے حرم‘‘ تالیف : محمد منیر قمرحفظہ اللہ، تخریج :حافظ عبد الرؤف ۔