کتاب: آداب دعا - صفحہ 73
(۱۳) …جمعہ کے دن کی ایک خاص گھڑی : قبولیّتِ دعاء کے مواقع میں سے تیرہواں موقع جمعۃ المبارک کا دن اور اس کی بھی ایک خاص گھڑی ہے ۔ صحیح بخاری و مسلم میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ((اِنَّّ فِی الْجُمُعَۃِ لَسَاعَۃً لَا یُوَافِقُہَا عَبْدٌ مُسْلِمٌ یَسْأَلُ اللّٰہَ فِیْہَا خَیْراً اِلَّا أَعْطَاہُ اِیَّاہُ))۔ [1] ’’ جمعہ کے دن ایک گھڑی ایسی ہے کہ جو آدمی اس میں اللہ سے سوال کرے، اللہ تعالیٰ اس کی وہ دعاء قبول فرماتا ہے۔‘‘ اور صحیح مسلم میں یہ الفاظ بھی ہیں : ((وَ ہِیَ سَاعَۃٌ خَفِیْفَۃٌ)) ۔ [2] ’’ اور وہ ایک چھوٹی سی گھڑی ہے ۔‘‘ وہ ساعت یا گھڑی جمعہ کے دن کس وقت ہے؟ اس کا فیصلہ حتمی طور پر تو نہیں کیا جاسکتا البتہ امام احمد رحمہٗ اللہ کا قول ہے : ((أَکْثَرُ الْأَحَادِیْثِ فِی السَّاعَۃِ الَّتِی تُرْجیٰ فِیْہَا اِجَابَۃُ الدَّعْوَۃِ اِنَّہَا بَعْدَ صَلوٰۃِ الْعَصْرِ وَ تُرْجیٰ بَعْدَ زَوَالِ الشَّمْسِ))۔ [3] ’’ اُس گھڑی کے بارے میں اکثر احادیث سے پتہ چلتا ہے کہ یہ عصر کے بعد ہے اور یہ بھی اُمید ہے کہ وہ زوالِ آفتاب کے بعد[یعنی بوقتِ جمعہ] ہے ۔‘‘
[1] رواہ البخاری بحوالہ صحیح الاذکار، ص:۵۳ ۔ [2] صحیح الاذکار،ص:۵۴ ۔ [3] سنن الترمذی ۲؍۳۶۱ بحوالہ صحیح الاذکار، ص:۵۴،۵۵ ۔